حنا پرویز بٹ نے پاکستان کی شکست کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دے دیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پاکستان کی نیوزی لینڈ کیخلاف شکست کا ذمہ دار وزیراعظم عمران خان کو قرار دے دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر اپنے ایک پیغام میں رکن صوبائی اسمبلی و لیگی رہنما حنا پرویز بٹ نے لکھا کہ ’’ نیازی نے کرکٹ کا بھی ستیاناس کر دیا۔

۔ پاکستان کا کوئی ایسا ادارہ نہیں جو نیازی کے قہر سے بچا ہو۔۔۔ ایمانداری سے بچاؤ نیازی کے دور حکومت میں کوئی ایک بھی ادارہ ہے جو اس وقت ترقی کر رہا ہو؟؟؟ ہر طرف تباہی ہی تباہی لیکن بندہ پھر بھی ایماندار ہے کیونکہ یہ “ان” کا تابعدار ہے۔‘‘

انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان کی شکست کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کا ہر ادارہ تباہ کردیا ہے۔

اورکرکٹ کا تو ستیاناس ہی کردیا ہے۔ واضح رہے کہ تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ ایڈن پارک ،آکلینڈ میں 154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے لیے گپٹل اور کونوے نے اننگز کا آغاز کیا،پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کپتان شاداب خان نے خطرناک اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل کا بہترین کیچ لیا۔

اگلے اوور میں حارث رؤف نے پاکستان کو دوسری کامیابی دلاتے ہوئے ڈیون کونوے کو اپنی ہی گیند پر کیچ لیکر چلتا کردیا۔ 21 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد ٹِم سائیفرٹ اور گلین فلپس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔ 65 کے مجموعی سکور پر حارث رؤف نے پاکستان کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے گلین فلپس کو پوویلین واپس بھیجا۔

ٹم سائیفرٹ نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ مارک چیپ مین کے ہمراہ 45 رنزکی پارٹنرشپ قائم کی ،شاہین شاہ آفریدی نے 57 رنز بنانیوالے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ چیپ مین بھی 34 رنز بنا کر حارث رئوف کی فل ٹاس گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے،وہاب ریاض نے مشکل وقت میں ایک اور اوور میں 15 رنز دیکر میچ نیوزی لینڈ کی جھولی میں ڈال دیا اور ان کے اگلے اوور میں مچل سینٹنر نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو 7 گیندوں قبل فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس مقابلے میں کامیابی کے ساتھ نیوزی لینڈ نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ اس سے قبل پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنا ئے پویلین لوٹ گئے،کپتان محمد رضوان 17 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے اور حیدر علی 3 رنز بنا کر پوویلین لوٹے،خوشدل شاہ 16 رنز بنا کر اش سوڈھی کا شکار بنے،اس موقع پر شاداب کا ساتھ دینے عماد وسیم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے مل کر سکور کو 79 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر کگلیجن نے اپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلاتے ہوئے عماد کی 19رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا،شاداب خان 42 کی عمدہ باری کھیل کر آئوٹ ہوئے،وہاب ریاض 9 رنز بنا کر کگلیجن کا تیسرا شکار بنے،اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے جارحانہ کا بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے جس کی بدولت قومی ٹیم 150 رنز کا ہندسہ پار کرپائی ۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈفی نے 4 اور کگلیجن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *