پہلا ٹی 20، زمبابوے نے پاکستان کو جیت کیلئے کا ہدف دیدیا

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں زمبابوے نے ویزلی مادھیویر کی عمدہ اننگز کی بدولت پاکستان کو جیت کیلئے 157 رنز کا ہدف دیدیا ہے، ویزلی مادھیویر نے 48 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو محمد حسنین نے پہلے اوورز میں پانچویں گیند پر ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی اور کپتان چھامو چھیبابا کو 0 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ زمبابوے کی دوسری وکٹ 34 کے مجموعی سکور پر گری اور اوپنر برینڈن ٹیلر 20 رنز بنا کر حارث رﺅف کی گیند پر حیدر علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

زمبابوے کے تیسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی سین ولیمز ہیں جو 25 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ 87 کے مجموعی سکور پر سکندر رضا بھی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ 122 کے مجموعی سکور پر ریان برل 8 رنز بنا کر حارث رﺅف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ زمبابوے کے چھٹی وکٹ آخری اوور میں آخری گیند پر گری اور ایلٹن چیگمبورا 21 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ویزلی مادھیویر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 48 گیندوں پر 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے تمام باﺅلرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم حارث رﺅف نے 4 اوورز میں 25 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ وہاب ریاض نے 4 اوورز میں 37 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، محمد حسنین اور عثمان قادر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

قبل ازیں زمبابوے ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر کہا کہ وکٹ اچھی ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑا مجموعہ بنانے کی کوشش کریں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ وکٹ کافی خشک لگ رہی ہے اس لئے ہم بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ ہی کرتے لیکن اب اچھی باﺅلنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہم چار فاسٹ باﺅلرز اور ایک سپنر کیساتھ کھیل رہے ہیں، کوشش کریں گے کہ اچھی باﺅلنگ کے ذریعے زمبابوین ٹیم کو جلد آﺅٹ کریں۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان، حیدر علی، محمد حفیظ، محمد رضوان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، وہاب ریاض، عثمان قادر، حارث رﺅف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

زمبابوے ٹیم کی قیادت چھامو چھیبابا کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ریان برل، سکندر رضا بٹ، ٹینڈائی چتارا، کریگ ایروین، ویزلی مادھیویر، ملٹن شومبا، ایلٹن چیگمبورا، رچمونڈ موتمبانی، بلیسنگ موزارابانی اور رچرڈ اینگراوا شامل ہیں۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *