وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا 50 کروڑ روپے سے رحمت اللعالمینﷺ اسکالرشپ کا اعلان

لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہر مسلمان کی بے حد جذباتی وابستگی ہے-اللہ کے نبیؐ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے اور ہر مسلمان اس محبت کو جان و دل سے مقدم جانتا ہے- وہ وزیراعلیٰ آفس میں پریس کانفرنس کررہے تھے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ مغرب کو یہ بات سمجھ لینی چاہیئے کہ مسلمان جان تو قربان کر سکتا ہے لیکن پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کر سکتا- کچھ عرصہ قبل ناروے میں

ناہنجار کارٹونسٹ نے آزادی اظہار کے نام پر ناپاک جسارت کی- ڈنمارک اور دیگر ممالک میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے مکروہ اقدامات کئے گئے- فرانس میں طلبا کو زبردستی آزادی اظہار کے نام پر دل آزاری کرنے والے خاکے دکھائے گئے او ربلاشبہ یہ دل آزاری کرنے والے شر انگیز اقدامات ہیں- آزادی اظہار کے نام پر کی جانے والی مذموم حرکتیں قطعی طور پر ناقابل برداشت ہیں اور ہم ایسے گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں- وزیراعلیٰ نے کہاکہ اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دنیا بھر میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیگر انبیاء کرام کے بارے میں گستاخانہ اور مذموم حرکتوں جیسے توہین آمیز اقدامات پر پابندی عائد کی جائے-انہوں نے کہاکہ اس مذموم حرکت پر میرا دل بہت رنجیدہ ہے- اگر ہولوکاسٹ پر بات کرنے سے کسی کی دل شکنی یا جذبات مجروح ہوتے ہیں تو پونے دو ارب مسلمانوں کے جذبات اور احساسات کو بے دردی سے بار بارکیوں مجروح کیا جا رہا ہے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ او آئی سی اور دیگر ادارے بھی اس پربھرپور رد عمل کا اظہار کریں تاکہ کسی شرپسند کو دوبارہ یہ حرکت کرنے کی جرأت نہ ہو- فرانس میں ہونے والی اس مذموم حرکت اور فرانسیسی صدر کے قابل مذمت بیان کا بھرپور جواب دینے کیلئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر سال ربیع الاول میں ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ سرکاری سطح پر منایا جائے گا اور اس ہفتے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس کو بیان کرنے کیلئے مختلف تقریبات ہوں گی-تقریبات کا آغازالحمراء لاہور میں نعتیہ مشاعرے سے ہوگا جہاں نعت گو شاعر نبی کریم ؐ کی شان میں ہدیہ عقیدت پیش کریں گے-لاہور میں محفل سماع بھی منعقد کی جائے گی، جس میں ملک کے نامور قوال شرکت کریں گے-پنجاب میں پہلی عالمی علماء و مشائخ کانفرنس منعقد ہوگی جہاں بین الاقوامی شہرت یافتہ علماء اور مشائخ مقالہ جات پیش کریں گے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں50 کروڑ روپے کے ابتدائی فنڈ سے رحمت اللعالمین سکالرشپ کے اجراء کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ25 کروڑ روپے کی رقم سے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو وظائف دئیے جائیں گے-صوبہ بھر میں میٹرک پاس کرنے والے غریب اور نادار طلبہ کو مزید پڑھائی کیلئے 25 کروڑ روپے کے رحمت اللعالمین سکالرشپ بھی دیئے جائیں گے اور ان طلبہ اور طالبات کی فیس اور رہائش کیلئے مالی معاونت کی جائے گی- ہر سال ربیع الاول میں 50 کروڑ کے ابتدائی فنڈ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا- انہوںنے کہاکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے زیراہتمام سکالرز کیلئے یونیورسٹیوں میں رحمت اللعالمین چیئرز قائم کی جا رہی ہیں-رحمت اللعالمین چیئرز پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کی یونیورسٹیوں میں قائم کی جائیں گی-سکالرز کو اسلامی دنیا کے بہترین اداروں میں نبی کریم ؐ کی سیرت پر ریسرچ کیلئے سکالر شپ دئیے جائیں گے-ہر سال ربیع الاول میں نعتیہ مشاعرے ہوں گے اور ملک بھر سے نامور اور جید شعرا کو مدعو کیا جائے گا-اندرون اور بیرون ممالک سے نامور سکالرز اور محققین کو مدعو کیا جائے گا جو سیرت مبارکؐ پر مقالہ جات پیش کریں گے- صوبہ، ڈویژن، ضلع،یونیورسٹیز اور بورڈز کی سطح پر سیرت النبی ؐپر تقریری مقابلے کرائے جائیں گے- جیتنے والے طلبا و طالبات کو اسناد اور نقد انعامات دئیے جائیں گے-سیرت النبی ؐ کو اجاگر کرنے کیلئے اسلامی خطاطی کے مقابلے میں ملک بھر سے خطاط حضرات کو مدعو کیا جائے گا- مقابلے میں بہترین خطاط کو اسناد اور نقد انعامات سے نوازا جائے گا-محسن انسانیت حضرت محمد ؐ کی حیات مبارکہ پر مختصر دستاویزی فلمیں بنائی جائیں گی- بہترین ڈاکومنٹری کو ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر انگلش اور فرنچ سب ٹائٹلز کے ساتھ نشر کیا جائے گا- مقابلے کے ونر پروڈیوسر کو اسناد اور نقد انعام دیا جائے گا- انہوںنے کہاکہ ہفتہ رحمت اللعالمینؐ کے دوران صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر نعت خوانی اور قوالی کی محافل کا اہتمام کیا جائے گا اور یہ مسئلہ پوری امت مسلمہ کا ہے-رحمت اللعالمینؐ کی شان بیان کرنا ہمارے ایمان کاحصہ ہے-رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ میں ہر سال اضافہ کیاجائے گا- انہوںنے کہاکہ ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ ہر سال مذہبی جوش و خروش ، عقیدت اور احترام سے منایا جائے گا-پوری کمیونٹی کو موبلائز کیاجائے گا- ہفتہ شان رحمت اللعالمین ؐکی تقریبات کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی-وزارتی کمیٹی میں صوبائی وزیر اوقاف پیرسیدسعید الحسن شاہ، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان او ردیگر شامل ہوں گے-سیکرٹریٹ کی سطح کی بھی کمیٹی تشکیل دی جائے گی-تمام تقریبات کاشیڈول جاری کیاجائے گا-اگلے ہفتے سے ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگا- تمام انتظامات کو خود مانیٹر کروں گا-ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ صحافیوں کو صحت انصاف کارڈ کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے-ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ میری ملاقات اراکین اسمبلی سے ہوتی رہتی ہے-گزشتہ روز بھی رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا سے ملاقات ہوئی-میں سب کو ساتھ لیکر چلتا ہوں- انہوںنے کہاکہ ریاست کے خلاف کوئی بھی اقدام ناقابل برداشت ہے- ہم سب پاکستانی ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں-صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ، معاو ن خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے- 

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *