تیسرا ون ڈے، زمبابوے نے پاکستان کو جیت کیلئے ہدف دیدیا

زمبابوے نے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں سین ولیمز کی عمدہ سنچری کی بدولت پاکستان کو جیت کیلئے 279 رنز کا ہدف دیدیا ہے، سین ولیمز نے 135 گیندوں پر 1 چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 118 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

تفصیلات کے مطابق تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں زمبابوے ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو محمد حسنین نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے ابتداءمیں ہی ٹیم کو کامیابی دلا دی اور اننگز کے دوسرے اوور میں کپتان چھامو چھیبابا کو کلین بولڈ کر دیا۔ صرف 4 کے مجموعی سکور پر کریگ ایروین بھی صرف ایک رنز بنا کر محمد حسنین کا شکار ہو گئے جبکہ 22 کے مجموعی سکور پر برائن چھارل 9 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

زمبابوے کی چوتھی وکٹ 106 کے مجموعی سکور پر گری اور برینڈن ٹیلر 56 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر خوشدل شاہ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ زمبابوے کی پانچویں وکٹ 181 کے مجموعی سکور پر گری اور ویزلی مادھیویر بھی 33 رنز بنا کر محمد حسنین کا شکار بن گئے جبکہ سکندر رضا نے 45 رنز بنائے اور وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ سین ولیمز نے پاکستانی باﺅلرز کا ڈٹ پر مقابلہ کیا اور 135 گیندوں پر 1 چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 118 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے انتہائی عمدہ باﺅلنگ کی اور 10 اوورز میں صرف 26 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے ڈیبیو ون ڈے میچ کو یادگار بنا لیا جبکہ وہاب ریاض نے 10 اوورز میں 65 رنز کے عوض 1 کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کرتے ہوئے عابد علی کی جگہ فخر زمان، عماد وسیم کی جگہ خوشدل شاہ، حارث رﺅف کی جگہ محمد حسنین اور موسیٰ خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، حیدر علی، محمد رضوان، افتخار احمد، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

زمبابوے ٹیم کی قیادت چھامونو روا چھیبابا کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ریان برل، سکندر رضا، برائن شارل، ٹینڈائی چیسورو، کریگ ایروین، ویزلی مادھیویر، ویلنگٹن مساکازا، کارل مومبا، رچمونڈ موتمبانی اور بلیسنگ موزارابانی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے سیریز کے ابتدائی دو میچز میں زمبابوے کو شکست دے کر 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ سپر لیگ میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کر چکی ہے اور آج کے میچ میں فتح سیریز میں کلین سویپ کیساتھ ورلڈکپ سپر لیگ میں پہلی پوزیشن بھی دلا دے گی۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *