پہلا ون ڈے، پاکستان کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹنگ جاری

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹنگ جاری ہے جس نے 5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 29 رنز بنا لئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ میں زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کے 282 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ٹیم کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے برائن چھاری کو کلین بولڈ کر دیا اور پھر پانچویں اوور میں 28 کے مجموعی سکور پر چھامو چھیبابا کو بھی کلین بولڈ کرتے ہوئے پویلین کی راہ دکھا دی۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز ہی بنا سکی۔ اوپنر امام الحق اور عابد علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنائے تاہم اس موقع پر عابد علی کارل مومبا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، وہ 30 گیندوں 5 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 89 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب کپتان بابراعظم 19 رنز بنا کر موزارابانی کی گیند پر برینڈن ٹیلر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

119 کے مجموعی سکور پر میدان میں مضحکہ خیز واقع بھی پیش آیا اور امام الحق اور حارث سہیل رن لینے کی کوشش میں ایک ہی اینڈ پر پہنچ گئے، لیکن پھر کیمرہ ری پلے میں امام الحق کو آﺅٹ قرار دیدیا گیا، انہوں نے 75 گیندوں پر 58 رنز بنائے، قومی ٹیم کو چوتھا نقصان 161 کے مجموعی سکور پراٹھانا پڑا اور محمد رضوان بھی 14 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.