لاہور قلندرز کے جنوبی افریقی اسٹار کا بقیہ میچز کیلئے پاکستان آنے کا اعلان

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز کے جنوبی افریقی کرکٹر ڈیوڈ ویئسا نے لیگ کے بقیہ میچز کیلئے پاکستان آنے کا اعلان کردیا، کہتے ہیں کہ قلندرز کے تمام پلیئرز فارم میں ہیں، پوری کوشش کریں گے فینز کو اس بار جشن منانے کا بھرپور موقع فراہم کریں۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں ڈیوڈ ویئسا نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ دوبارہ کرکٹ ہورہی ہے۔ چند ماہ پہلے سوچا نہیں تھا کہ پھر میدان میں اتریں گے، لاہور قلندرز کے پلیئرز اس وقت اچھی فارم میں ہیں امید ہے کہ اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

جنوبی افریقا کےلیے 20 ون ڈے اور چھ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے آل راؤنڈر نے کہا کہ لاہور قلندرز ایک اسپیشل فرنچائز ہے، جس طرح وہ پلیئر ڈویلپمنٹ پر کام کررہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

جنوبی افریقی کرکٹر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا معیار اعلیٰ ہے، سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہاں لوکل ٹیلنٹ بھرپور پرفارم کرتا ہے، ہر سیزن میں دو تین اچھے بولرز سامنے آتے ہیں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.