پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز، آئی سی سی اور پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹس نے بھی کمر کس لی

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم نیشنل ٹی 20 کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کیلئے بھی تیار ہے اور زمبابوے کرکٹ ٹیم ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ چکی ہے جبکہ اس کیساتھ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن یونٹس نے بھی کمر کس لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 کپ کے دوران بکی بھی متحرک تھے جنہوں نے ایک کھلاڑی سے رابطہ بھی کیا جس نے بروقت پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو اطلاع کی اور یوں بکی کا وار ناکام رہا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان راولپنڈی اور لاہور میں میچز کھیلے جائیں گے جس کیلئے کرکٹ بورڈ نے بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں اور اس کیساتھ ہی اینٹی کرپشن یونٹس نے بھی ہر طرح سے تیاری پکڑ لی ہے۔

آئی سی سی اور پی سی بی ہر کھلاڑی پر نظر رکھیں گے اور ملاقاتی پر بھی پابندی ہوگی، کوویڈ 19 کے باعث دونوں ٹیموں کو محدود رکھا جائے گا اور مزید احتیاطی تدابیر کے پیش نظر کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا پر بھی محتاط رہنے کا کہہ دیا گیا ہے، کھلاڑیوں کو کوئی مشکوک فرد دیکھنے یا سرگرمی کا احساس ہونے پر فوری رپورٹ کرنے کی ہدایات بھی دیدی گئی ہیں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.