پی ایس ایل ٹرافی اٹھا کر ”میں ہوں قلندر“ کا نعرہ لگانا چاہتا ہوں، غیر ملکی کھلاڑی کا ایسا بیان کہ فواد رانا کے دل کی دھڑکنیں بھی تیز ہو جائیں

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے باؤلر سمت پٹیل نے کہا ہے کہ نومبر میں پی ایس ایل ٹرافی اٹھاکر ”میں ہوں قلندر“ کا نعرہ لگانے کا خواہشمند ہوں۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے 35 برس کے بائیں ہاتھ کے باؤلر سمت پٹیل نے نجی خبر رساں ادارے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں ٹیم لاہور قلندرز کی فتح کیلئے پرامید ہوں، فخر زمان، شاہین آفریدی اور حفیظ کا فارم میں ہونا لاہور قلندرز کیلئے اچھی بات ہے، قلندرز میں ہر کوئی جیت کیلئے کھیلتا ہے اور ٹیم میں کوئی بھی خودغرض کھلاڑی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ءکے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کردیا ہے جس کے مطابق ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15اور 17نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

14 نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلیمنیٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے اور اس کے اگلے روز ایلیمینیٹر ٹو جبکہ فائنل17 نومبر بروز منگل کو ہو گا۔ ایونٹ کے بقیہ میچز کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ میچوں کے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائے گا۔

Sharing is caring!

Comments are closed.