اپوزیشن کی پی ڈی ایم تحریک کی کامیابی کے امکانات روشن۔۔۔ مسلسل ناکامیوں اور شرمندگیوں کے بعد عمران حکومت کو رخصتی کا راستہ دکھا دینے والی اطلاعات

لاہور (ویب ڈیسک) کراچی میں علی الصبح ہوٹل کا دروازہ توڑ کر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی پولیس کے ہاتھوں گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی حکومت اس احتجاج کو کچلنے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ

اپوزیشن کو کھلی چھٹی نہیں دی جا سکتی۔نامور کالم نگار ڈاکٹر رشید احمد خان اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئٹہ کے جلسے کے بعد حکومت اپنا ردِ عمل دے گی‘ لیکن آثار بتاتے ہیں کہ کوئٹہ کے جلسے سے پہلے ہی حکومت کے جوابی اقدامات کا آغاز ہو جائے گا تاکہ گوجرانوالہ اور کراچی کی طرح کوئٹہ کا جلسہ بھی پی ڈی ایم کی احتجاجی تحریک میں سنگِ میل ثابت نہ ہو۔ کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ اس لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ اس کی میزبانی پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن کی پارٹی جمعیت علمائے اسلام‘ محمود خان اچکزئی کی جماعت پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کے ہاتھ میں ہو گی۔ بلوچستان کی نازک سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ہو سکتا ہے کہ حکومت اس جلسے کی اجازت دینے میں لیت و لعل سے کام لے‘ لیکن اگر حکومت کو جلسے کے انعقاد کی اجازت دینا پڑ جائے تب بھی حکومت پولیس کے ذریعے پی ڈی ایم کے سرگرم کارکنوں اور مقامی رہنمائوں کو مختلف الزامات کے تحت یا امن و امان کے خطرے کا بہانہ بناکر حراست میں لے سکتی ہے۔ یوں وہ پی ڈی ایم کے آئندہ جلسوں کو ناکام بنانے کی کوشش کرے گی۔ کیا ایسے اقدامات سے حکومت پی ڈی ایم کو ناکام بنانے میں کامیاب ہو جائے گی؟ گوجرانوالہ اور کراچی کے جلسوں کی شکل میں عوامی ردعمل دیکھ کر اس سوال کا جواب بڑی آسانی سے نفی میں دیا جا سکتا ہے کیونکہ توقع کے برعکس پی ڈی ایم کی صفوں میں اتحاد برقرار ہے۔ حکومت کا اندازہ تھا کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ساتھ نہیں چل سکیں گی‘ مگر کراچی کے کامیاب جلسوں نے ان جماعتوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم کی کامیابی کا دارومدار اس بات پر ہے کہ اس کے قائدین کہاں تک اور کب تک اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ حکومت کی بوکھلاہٹ سے صاف عیاں ہے کہ اسے نہ صرف اپنے بیانیے کی موت بلکہ پی ڈی ایم کی صورت میں ایک نئے سیاسی سیٹ اپ کی کامیابی بھی واضح نظر آ رہی ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.