20سالہ پاکستانی کرکٹر، عبداللہ شفیق نے کیا منفرد ریکارڈ بنایا ہے؟

20سالہ پاکستانی کرکٹر عبداللہ شفیق نے کیا
منفرد ریکارڈ بنایا ہے؟
“ کیا ہم شخصیت پرست ہیں ؟” ۔
ایسا کیوں ہوتا ہے کہ چند گھنٹوں میں ایک شخص سٹار بن جاتا ہے ، الیکٹرانک میڈیا ہو یا سوشل میڈیا ،ہرطرف اسی کے چرچے ہونے لگتے ہیں اور پھر چوبیس گھنٹوں کے اندر ہم اسے بھول کر کسی اور کے ترانے گا رہے ہوتے ہیں ۔ یہی 21ویں صدی کا کمال ہے ،اور یاد رہ جانے کے لئےضروری ہے کہ بار بار یاد دہانی کرائی جاتی رہے، کچھ ایسا ہی اس 20 سالہ نوجوان نے بھی کیا ہے ۔ گزشتہ سال اس نے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کیا تو پہلے ہی میچ میں سنچری سکور کر ڈالی تھی مگر بہت سے لوگوں کا خیال ہو گا کہ “ ہو جاتا ہے “ ، آگے دیکھیں گے اور اب 30 ستمبر کو اس نے ٹی ٹوئنٹی کا ڈیبیو کیا تو اس میں بھی سنچری ، یہ پرفارمنس دے کر وہ پاکستان کا پہلا اورکرکٹ کی تاریخ کا دوسرا بلے باز بن گیا ہے کہ جس نے فرسٹ کلاس اور ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو میں سنچریاں سکور کیں اور عمر ابھی کیا ہے ، صرف بیس سال تو کہہ سکتے ہیں “ ہونہار بروا کے چکنے چکنے چکنے پات “۔
شاعر مشرق علامہ اقبال ، صوفی عبدالجلیل المعروف چاچا کرکٹ اور کرکٹر شعیب ملک کے شہر سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان کا نام عبداللہ شفیق ہے اور فرسٹ کلاس کرکٹر شفیق احمد کا بیٹا اور یو اے ای کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ارشد علی کا بھتیجا ہے ۔کرکٹ اس کے خون میں شامل ہے اور اس کی پراعتماد شخصیت کو دیکھ کر یہ وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ آج نہیں تو کل بہت آگے جائے گا ۔ اسے کرکٹ اور کامیابی کا جنون بھی ہے ۔ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عبداللہ نے لکھا ہوا ہے “ Hitting balls for a living & “ living” my dream
اکثر اوقات تو وہ نیٹ پریکٹس کرتے نظر آتا ہے یا پھر جم میں ایکسرسائز کہ عبداللہ کا مقصد اپنی فٹ نس کو انٹرنیشنل لیول تک لے جانا ہے جو ایک نوجوان کرکٹر کی بہت مثبت اپروچ ہے ۔
۔ عبداللہ سنٹرل پنجاب ٹیم کی نمائندگی کرتا ہے اورگزشتہ سال سدرن پنجاب کے خلاف قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون میچ میں عبداللہ کو صرف ایک اننگز کھیلنے کا موقع ملا تھا، جس میں اس نےسنچری (133رنز) سکور کئے تھے ،اس اننگز میں ایک چھکا اور سولہ چوکے بھی شامل تھے- اب نیشنل کپ 2020میں سدرن پنجاب کے ہی خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیومیچ میں 102رنز ناٹ آؤٹ صرف 58 گیندوں پر گیارہ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنائے اور اس کے سامنے بولر کون تھے، انٹرنیشنل کرکٹر محمد عرفان اور عامر یامین مگر عبداللہ شفیق پوری اننگز کے دوران ان پر حاوی نظر آئے تھے ۔
فرسٹ کلاس اور ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو میں سنچریاں بنانا تو عبداللہ شفیق کا کارنامہ ہے ہی مگر اس کے کھیل میں اور کیا ایسا نظر آتا ہے کہ جس کی بناء پر میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ بہت جلد یہ نوجوان پاکستان کے لئے کھیلے گا اور لمبے عرصہ تک قومی ٹیم کی نمائندگی کرے گا ۔اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں عبداللہ بیٹنگ کرنے آیا تو ایک تو اس کی ٹیم کو 20 اووروں میں 201رنز کا بڑا ٹارگٹ chase کرنا تھا اور دوسرا پہلے اوور میں ہی صرف ایک رن، تین گیندوں پر دو وکٹیں بھی گر چکی تھیں ۔ رضوان حسین اور عابد علی اپنی اپنی وکٹ گنوا کر پویلین واپس لوٹ چکے تھے اور عبداللہ کو ہیٹ ٹرک بال کا سامنا تھا ۔ اس صورتحال میں وہ قدرتی طور پر کچھ نروس ضرور تھا مگر اس نے نیچرل گیم کھیلتے ہوئے بہت اعتماد سے چند گیندوں کا سکون سے سامنا کر کے اپنا اعتماد بحال کیا، وکٹ کے مزاج کو سمجھا اور پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے تجربہ کار بولروں کی پٹائی شروع کی ، یوں وہ ایک منفرد ریکارڈ بنانے والا پہلا پاکستانی کرکٹر بن گیا ہے۔
نوٹ کرنے والی بات یہ بھی ہے کہ عبداللہ شفیق نے کامران اکمل کے ساتھ شراکت لگائی مگر کامران اکمل 75 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے ، تاہم عبداللہ ذمہ داری کے ساتھ آخر تک کھیلتا رہااور اپنی ٹیم کو سات وکٹوں سے کامیابی دلوائی ۔ اسے دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ وہ نہ صرف لمبی اننگز کھیل سکتا ہے بلکہ میچ کو فنش کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔
عبداللہ کے مختصر ترین ڈومیسٹک کیریئر پر نظرڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ اس کا conversion rate بھی بہت زبردست ہے ۔ اس نے فرسٹ کلاس کیریئر سے پہلے سیکنڈ الیون کے لئے سات گیمز کھیلی تھیں ، جن میں سے تین سنچریاں سکور کیں ، ایک ڈبل سنچری اور ایک ففٹی ، یوں وہ ایک قابل اعتماد بیٹسمین کے طور پر ٹیسٹ کرکٹ کے لئے بھی موزوں نظر آتا ہے ۔
تیس ستمبر کوعبداللہ کی ٹی ٹوئنٹی سنچری کی ویڈیو دیکھیں تو اس کے پسندیدہ شاٹس کور ڈرائیواور پلٗ شاٹ تو کمال کے تھے ہی مگر اس کے علاوہ بھی اس کی بیٹنگ میں بہت کچھ نظر آیا ، پڑھئے رمیز راجہ کیا کہتے ہیں “ عبداللہ pace کو بہت اچھا کھیلتا ہے ، قدموں کا استعمال بہترین اور جلد پوزیشن میں آ جاتا ہے ۔ ایکسٹرا ٹائم سے پتہ چلتا ہے کہ بڑا بیٹسمین بنے گا ۔ سپن کے خلاف کٹ اورسویپ شاندار کھیلتا ہے اور اس کی flick اور سٹریٹ ڈرائیوز سے بھی نظریں نہیں ہٹتیں ۔سب سے بڑا ایڈوانٹیج پاکستان ٹیم کو یہ دے سکتا ہے کہ چھکے بھی لگاتا ہے ۔ٹمپرامنٹ سٹرانگ ہے کہ دو سو کو chase کرنا بڑی بات ہے ۔ اس نوجوان پر کام کرنے کی ضرورت ہے ، اس کی حوصلہ افزائی اور اسے سنبھال کر رکھنے کی ضرورت ہے ۔
سٹار بلے باز محمد حفیظ نے عبداللہ شفیق کی بیٹنگ تیکنیک اور رنز کرنے کے انداز پر اس ایموجی 😍سے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے اور خاتون کمنٹیٹر زینب عباس نے لکھا کہ عبداللہ کرکٹ کی صحیح شاٹس لگاتا ہے ، وکٹ کے دونوں طرف کھیلتا ہے ، اس میں لگن بھی ہے اور پوٹینشل بھی ، حیران ہوں کہ ابھی تک پی ایس ایل میں کیوں نظر نہیں آیا “-
اس حوالہ سے یاد رہے کہ ملتان سلطانز نے عبداللہ شفیق کو 2018 ایڈیشن کے لئے اس وقت پک کیا تھا کہ جب وہ ابھی سترہ سال کا بھی نہیں تھا مگر اسے ڈریسنگ روم میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والوں کے ساتھ بیٹھنے کا موقع تو ملا ، کھیلنے کا نہیں ۔ اس پر اس فرنچائز کے اونر علی ترین نے عبداللہ کو ایک ٹویٹ کیا تھا“ Right team, wrong year”
یعنی اس سال نہیں تو آئندہ ضرور موقع ملے گا اور اب لگتا ہے کہ صحیح وقت آ گیا ہے ۔ یہ بھی آپ کو بتاتے چلیں کہ کرکٹ کے علاوہ عبداللہ کو گٹار پر پرفارم کرنا بھی پسند ہے ۔ سوشل میڈیا پر چند ویڈیوز میں وہ شوقیہ گلوکاری کا مظاہرہ کرتے بھی نظر آتا ہے ۔ مثل مشہور ہے کہ lightning doesn’t strike twice مگر اس نوجوان کرکٹرنے تو بار بار اپنا ٹیلنٹ ثابت کیا ہے ،قوی امید ہے کہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے و ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عبداللہ شفیق بھی ان ایکشن نظر آئے گا

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *