پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا! کن کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ نہیں ملا؟ نام سامنے آگئے

گورننگ بورڈ کی جانب سے مالی سال 22-2021ء کے بجٹ کی منظوری کے بعد پی سی بی نے آج 20 ابھرتے ہوئے کرکٹرز سمیت 20 ایلیٹ کرکٹرز کے لئے سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے جس میں تمام فارمیٹس میں برابر میچ فیس مقرر کی گئی ہے ۔ اس فہرست کو حتمی طور پر پینل نے حتمی شکل دی جس میں ڈائریکٹرانٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان ، چیف سلیکٹر محمد وسیم اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان شامل تھے جنہوں نے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان بابراعظم سے بھی مشورہ کیا۔

پی سی بی چیئرمین احسان مانی کی منظوری سے قبل عارضی فہرست چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے ساتھ شیئر کی گئی۔ 12 ماہ کے معاہدے یکم جولائی 2021ء سے 30 جون 2022ء تک جاری رہیں گے۔ سینٹرل کانٹریکٹ کی اے کیٹگری میں کپتان بابراعظم ، حسن علی ، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، بی کیٹگری میں سابق کپتان اظہر علی ، فہیم اشرف ، فخر زمان ، فواد عالم ، شاداب خان اور یاسر شاہ موجود ہیں ، سی کیٹگری میں عابد علی ، امام الحق ، حارث رؤف ، محمد حسنین ، محمد نواز ، نعمان علی اور سرفراز احمد کو رکھا گیا ہے جب کہ ایمرجنگ پلیئرز کی کیٹگری میں عمران بٹ ، شاہنواز دہانی اور عثمان قادر شامل ہیں ۔

مرکزی معاہدوں سے محروم کھلاڑیوں میں اسد شفیق ، حیدر علی ، حارث سہیل ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، محمد عباس ، نسیم شاہ ، شان مسعود اور عثمان شنواری شامل ہیں تاہم وہ سلیکٹرز کے منصوبوں میں شامل ہیں اور رواں سیزن میں اچھی کارکردگی دکھانے پر انہیں اگلے سیزن میں معاہدے حاصل کرنے کا موقع مل سکتا ہے ۔ سینٹرل کانٹریکٹ میں اے کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کے ریٹینر میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے تاہم ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچ فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

بی کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کے بھی ریٹینر میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ ٹیسٹ میچ فیس میں 15 فیصد ، ون ڈے میچ فیس میں 20 فیصد اور ٹی ٹونٹی میچ فیس میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سی کیٹگری کے کھلاڑیوں کے لیے بھی ریٹینر میں 25 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ٹیسٹ میچ فیس میں 34 فیصد ، ون ڈے میچ فیس میں 50 فیصد اضافہ ، ٹی ٹونٹی میچ فیس میں 67 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

ایمرجنگ پلیئرز کی کیٹگری میں جگہ بنانیوالے کھلاڑیوں کی فہرست کے ریٹینر میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ ٹیسٹ میچ فیس میں 34 فیصد ، ون ڈے میچ فیس میں 50 فیصد اور ٹی ٹونٹی میچ فیس میں 67 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*